ماسکو: یوم آزادی پر روس میں پہلی بار پاکستان کا پرچم ڈیجیٹل طریقے سے آویزاں کیا گیا، برج الخلیفہ بھی سبز اور سفید رنگوں میں رنگ گیا۔
پاکستان کا 76 واں یوم آزادی پاکستان کے ساتھ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، اس موقع پر پاکستانیوں نے وطن سے محبت کا بھرپور اظہار کیا۔
روس کے دارالحکومت ماسکو میں تین کثیرالمنزلہ عمارتوں پر پاکستان اور روس کے پرچم پہلی بار ڈیجیٹل طریقے سے آویزاں کیے گئے۔
ماسکو کی شہری حکومت اور پاکستانی سفارتخانے نے پاکستان اور روس کے پرچموں کو ان عمارتوں پر آویزاں کرنے کے اقدامات کئے تھے جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مضبوطی کا مظہر ہے۔
عمارتوں پر دونوں ممالک کے پرچموں کے ساتھ روسی اور اردو زبان میں پاکستان اور روس کے نام بھی چل رہے تھے۔