پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث غریب کیلئے سفر مزید مہنگا ہوگیا۔ آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ آنرز فیڈریشن نے کرایوں میں 100 سے 150 روپے تک اضافے کا فیصلہ کرلیا۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پبلک ٹرانسپورٹ پر بھی اثر انداز ہونے لگا، شہریوں کیلئے سفر کرنا بھی مشکل ہوگیا۔
آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ آنرز فیڈریشن نے کرایوں میں 100 سے 150 روپے تک اضافے کا فیصل کرلیا۔
چیئرمین عصمت اللہ نیازی کا کہنا ہے کہ آئے روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے کاروبار تباہ کردیا، پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے نیا کرایہ نام تیار کرلیا گیا، تمام ٹرانسپوٹرز سے مشاورت کے بعد کل سے اطلاق ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مختلف شہروں کو جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 150 روپے تک اضافہ ہوگا، پہلے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے پر ٹرانسپورٹرز نے کرائے نہیں بڑھائے تھے۔
رپورٹ کے مطابق لاہور سے راولپنڈی کا موجودہ کرایہ 2 ہزار 550 روپے ہے جو بڑھنے کے بعد 2 ہزار 650 روپے ہوگا جبکہ لاہور سے پشاور موجودہ کرایہ 3 ہزار 200 اور نیا کرایہ 3 ہزار 350 روپے ہوگا۔
چیئرمین ٹرانسپورٹ آنرز کا کہنا ہے کہ لاہور سے فیصل آباد کا موجودہ کرایہ 1180 روپے سے بڑھ کر نیا کرایہ 1300 روپے، لاہور سے سرگودھا کا کرایہ 1250 روپے سے بڑھ کر 1375 روپے اور لاہور سے بہاولپور کا کرایہ 2500 سے بڑھ کر 2650 روپے ہوجائے گا۔