جس طرح پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا ویسے ہی عوام کو مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں اضافے سے بچائیں گے۔
مسلم لیگ (ن) کی چیف آگنائزر اور نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں 16 ماہ کے اندر جس طرح پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا ویسے ہی عوام کو مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں اضافے سے بچائیں گے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ 16 ماہ میں جس طرح پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا، اب عوام کو مہنگائی سے بچائیں گے، دُکھ ہے کہ عوام کو مہنگائی، بجلی کے بل میں اضافے جیسی مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف نے عوام کو مہنگائی، دہشت گردی، لوڈ شیڈنگ سے نجات دلائی تھی، وہ ہی ایک بار پھر عوام کو مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں اضافے سے بچائیں گے۔
دکھ ہے عوام کو مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں اضافے جیسی مشکلات کا سامنا ہے، مریم نواز#ExpressNews #BreakingNews #PMLN pic.twitter.com/yFoLoUmG8P
— Express News (@ExpressNewsPK) August 28, 2023
مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کی دی ہوئی ترقی کا عمل نہ روکا جاتا تو آج غریب عوام کی آنکھوں میں آنسو نہ ہوتے، آج کے تمام مسائل نے“ پروجیکٹ عمران” کے چار سالہ دور فسطائیت سے جنم لیا، عوام کے حقیقی منتخب نمائندے ہی ایک ایسی حکومت کو جنم دیں گے جو مہنگائی کے عفریت کو قابو کر کے ترقی و خوشحالی کے دور کو شروع کرسکے۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ انشاء اللہ مہنگائی کے جن کو ویسے ہی بوتل بند کرسکتے ہیں جیسے لوڈ شیڈنگ، دہشت گردی اور کراچی کی لاقانونیت کو ختم کیا تھا، نوازشریف ہی پاکستان کی ترقی کی ضمانت ہیں اور وہ ہی تمام مسائل سے چھٹکارا بھی دلا سکتے ہیں۔