Featuredکھیل و ثقافت

ایشیا کپ کے اہم میچ میں بنگلادیش نے افغانستان کو ہرادیا

لاہور: ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم 245 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایشیا کپ 2023ء میں گروپ بی کے اہم میچ میں بنگلادیش نے افغانستان کو 89 رنز سے ہرادیا۔

بنگلادیش کے 335 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم 245 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

بنگلادیش نے بیٹنگ کا پُراعتماد انداز میں آغاز کیا اور پہلی وکٹ پر 60 رنز بنائے، تاہم اس اسکور پر محمد نعیم 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اسکے بعد دوسری وکٹ صرف تین رنز کے بعد ہی گر گئی جب بغیر کوئی رن بنائے توحید ہردوئے گلبدین نائب کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

تیسری وکٹ پر مہدی حسن اور نجم الحسن شنٹو نے 194 رنز کی ناقابلِ شکست پارٹنر شپ بنا کر اپنی ٹیم کو بڑے ٹوٹل کی جانب گامزن کردیا۔

مہدی حسن نے سنچری مکمل کی اور 112 رنز بنانے کے بعد 257 کے مجموعے پر ریٹائر ہرٹ ہوگئے۔ جبکہ انکے بعد نجم الحسن نے بھی اپنی سنچری مکمل کی، لیکن وہ 104 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔

اسکے بعد وقفے وقفے سے بنگلادیشی وکٹیں گرتی رہیں، تاہم رنز بنانے کا سلسلہ جاری رہا۔

کپتان شکیب الحسن نے 18 گیندوں پر 32 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو 334 کے ٹوٹل تک پہنچایا۔

افغانستان کی جانب سے نجیب الرحمان اور گلبدین نائب نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں رحمان اللہ گرباز کی صورت میں ایک رن پر بڑا نقصان اٹھانے کے بعد افغان ٹیم کو ابراہیم زادران اور رحمت شاہ نے ٹیم کو سنبھالا اور 78 رنز کی پارٹنرشپ بنائی لیکن بنگلادیشی ٹیم کی نپی تلی بولنگ کے باعث رن اوسط کم رہی۔

رحمت شاہ کے 33 رنز بنا کر آؤٹ ہونے کے بعد کپتان حشمت اللّٰہ شاہدی نے ابراہیم زادران کا ساتھ دیا۔

ابراہیم زادران 75 اور حشمت اللّٰہ شاہدی 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو پھر بنگلادیشی بولرز نے حریف ٹیم کو دوبارہ سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور وقفے وقفے سے وکٹیں لیتے ہوئے افغانستان کی اننگز 245 رنز پر تمام کردی۔

راشد خان نے 24، نجیب اللّٰہ زادران نے 17 اور گلبدین نائب نے 15 رنز کی اننگز کھیلی۔

بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد 4 وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔ شورف الحسن نے 3 جبکہ حسن محمود اور مہدی حسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

مہدی حسن کو شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close