چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ عام گاڑی میں سپریم کورٹ پہنچے
پہلی بار ایسا ہوا ہے اور اس سے قبل ایسی روایت نہیں ملتی
اسلام آباد: چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا کہ انصاف کے دروازے کھلے اور ہموار رکھیں آنے والے لوگوں کی مدد کریں۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے چیف جسٹس کا پروٹوکول اور گاڑی لینے سے انکار کردیا۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ 1800 سی سی عام گاڑی میں سپریم کورٹ پہنچے۔ ان کیلئے گھر سے سپریم کورٹ آتے ہوئے روٹ بھی نہیں لگایا گیا اور ساتھی ججز والی عام سیکورٹی ہی دی گئی۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کے چیمبر کے باہر لگی تختی پر چیف جسٹس پاکستان کے بجائے صرف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ لکھ دیا گیا۔ پہلی بار ایسا ہوا ہے اور اس سے قبل ایسی روایت نہیں ملتی۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سپریم کورٹ آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ سپریم کورٹ ملازمین کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا اور گلدستہ پیش کیا۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا پروٹوکول، گاڑی اور گارڈ آف آنر لینے سے انکار.
لوگ عدالت خوشی سے نہیں مسائل کے خاتمے کیلئے آتے ہیں، انصاف کے دروازے کھلے اور ہموار رکھیں، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ
آنے والوں سے مہمانوں جیسا سلوک رکھیں، چیف جسٹس پاکستان
سب کا بہت سا تعاون چاہیے، چیف جسٹس pic.twitter.com/03UyvJUDd1— Dileep kumar khatri🦚 (@DileepKumarPak) September 18, 2023
چیف جسٹس نے مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگ اپنے مسائل کے حل کیلئے سپریم کورٹ آتے ہیں، آپ انکا ایسے خیال رکھیں جیسے میزبان مہمان کا کرتا ہے، آپ سب لوگوں کا شکریہ، آپ لوگوں کا بہت سا تعاون چاہیے ، آپ سے تفصیل سے ملوں گا۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا کہ لوگ سپریم کورٹ خوشی سے نہیں آتے بلکہ اپنے مسائل ختم کرنے کیلئے سپریم کورٹ آتے ہیں، یقینا کچھ لوگوں کو پریشانی ہوتی ہے ، انصاف کے دروازے کھلے اور ہموار رکھیں، آنے والے لوگوں کی مدد کریں۔