Featuredخیبر پختونخواہ

ملک میں دہشت گردوں اور سہولت کاروں کیخلاف جتنا بڑا آپریشن کرنا پڑا اب کرینگے : وزیر داخلہ

شہدائے مستونگ کی تعداد 59، ہنگو میں دھماکا، 5 شہید، افغانستان سے دراندازی ناکام

پشاور: داعش اورٹی ٹی پی کے پیچھے جائینگے ، دہشت گردی میں ’را‘ ملوث، خون کا بدلہ لینگے

نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ داعش اورٹی ٹی پی کے پیچھے جائینگے ، ملک میں دہشت گردوں اور سہولت کاروں کیخلاف جتنا بڑا آپریشن کرنا پڑا اب کرینگے، دہشت گردی میں ’را‘ ملوث، خون کا بدلہ لینگے

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں گزشتہ روز ہونے والے خودکش دھماکے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 59 ہوگئی، دہشت گرد نے عید میلاد النبیﷺ کے جلوس میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا، جبکہ ہنگو میں نماز جمعہ کے خطبہ کے دوران دھماکے کے نتیجے میں 5 نمازی شہید ہوئے، فورسز نے افغانستان سے در اندازی کی کوشش ناکام بنادی جھڑپ میں 4جوان شہید ،3جنگجو مارے گئے

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کوئٹہ دورہ کیا جہاں انہیں مستونگ اور ژوب میں حالیہ دہشت گرد حملوں پربریفنگ دی گئی، اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گرد پاکستان دشمنوں کی پراکسی ہیں، بدی کی طاقتیں ریاست کی طاقت کا سامنا کرتی رہیں گی، ان کیخلاف آپریشن بلاتعطل جاری ہے، دہشت گردوں کو بیرونی سرپرستی حاصل ہے، دہشت گردی جڑ سے اکھاڑنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، 12 ربیع الاول کو ہونے والے دہشت گردی کے واقعات خوارج کے مذموم عزائم کو ظاہر کرتے ہیں

مستونگ میں جمعہ کے روز ہونے والے خودکش دھماکے میں جاں بحق افرادکی تعداد 59 ہوگئی۔ترجمان سول اسپتال کوئٹہ نے بتایا کہ مستونگ خودکش حملے میں جاں بحق افراد کی تعداد 59 ہوگئی ہے۔

عالمی برادری نے دہشت گردی کیخلاف پاکستان سے اظہار یکجہتی کیا ہے، اقوام متحدہ، امریکا، ایران، ترکیہ اورمتحدہ عرب امارات کی جانب سے سانحے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں، صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ، سابق صدر آصف زرداری، سابق وزیر اعظم شہباز شریف ،امیر جماعت اسلامی سراج الحق، اسپیکر قومی اسمبلی اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی، ایم کیو ایم کے سربراہ خالد مقبول صدیقی، نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقرو دیگر رہنمائوں نے بھی دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے معصوم شہریوں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا،مستونگ میں جلوس پر خودکش دھماکے کے بعد حکومت بلوچستان نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، بلوچستان اسمبلی، وزیر اعلیٰ ہاؤس، گورنر ہاؤس، بلوچستان ہائیکورٹ سمیت تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں کر دیا گیا ۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close