ہمیں الیکشن سے ڈرانے والا خیبر پختونخوا کے بلدیاتی الیکشن کا نتیجہ دیکھ لے
پشاور: وطن کیلئے سوچنا ہوگا، معاملات گھمبیر ہوتے جا رہے ہیں، گتھیاں سلجھنے کے بجائے مزید الجھ رہی ہیں۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آپ الیکشن کی فکر میں ہیں اور اِدھر ریاست ڈوب رہی ہے۔
مولانا نے کہا کہ کسی کے ہاتھ میں ڈالر ہے تو وہ اسے باہر بھیج رہا ہے، باہر کے لوگ ترسیلات روک رہے ہیں، حالات کو مد نظر رکھنا چاہیے۔
فضل الرحمان نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں انتخابی عمل مخدوش ہوسکتا ہے، اس کام کا آغاز کرنے سے پہلے انجام اور نتائج کا سوچنا ہوگا، وطن کیلئے سوچنا ہوگا، معاملات گھمبیر ہوتے جا رہے ہیں، گتھیاں سلجھنے کے بجائے مزید الجھ رہی ہیں۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ کون لوگ ہیں جو بند کمروں میں بیٹھ کر فیصلے کرتے ہیں اور خود کو عقل مند سمجھتے ہیں، ہمیں الیکشن سے ڈرانے والا خیبر پختونخوا کے بلدیاتی الیکشن کا نتیجہ دیکھ لے۔
انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں ہر سیاستدان جیل سے باہر ہو، اگر وہ قانون کے گھیرے میں آیا ہے پھر کوئی بھی اس سے باہر نہیں، ملک کا مجموعی انتظامی ڈھانچہ اس وقت زوال پذیر ہے، قوم کی ناراضی بڑھ رہی ہے، زبوں حالی کا شکار ہوتے جا رہے ہیں، ملک کی معیشت کی عمارت کو گرایا گیا، بغاوت کا خطرہ تھا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جب کمزوریوں کا ذکر کرتا ہوں تو کہا جاتا ہے الیکشن ملتوی کروانا چاہتا ہے، الیکشن ملتوی نہیں کروارہا، جو یہ سمجھتا ہے صوبے کے بلدیاتی الیکشن دیکھ لے، جمیعت علما اسلام نے تمام جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر رکھا، ملک کی وحدت بچائی، آج آپ کو اپنی ذمے داریوں کو سمجھنا ہوگا۔