غزہ پر اسرائیل کے حملوں میں 210 فلسطینی شہید اور ہزار سے زائد زخمی ہوگئے ہیں، جبکہ 270 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے اسرائیل پر زمین، فضا اور سمندر سے حملوں میں 100 اسرائیلی ہلاک اور 800 سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ متعدد کو یرغمال بنالیا گیا۔
عرب میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ حماس کے جنگجو اسرائیلی فوج کے میجر جنرل نمرود الونی کو یرغمال بنا کر اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔
میجر جنرل نمرود الونی اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف ) ڈیپتھ کور اور ملٹری کالجز کے سربراہ ہیں، انہیں اس سال کے شروع میں اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے تعینات کیا تھا۔
دوسری جانب فلسطینی سفیر احمد الربعی کا کہنا ہے کہ غزہ پر اسرائیل کے حملوں میں 210 فلسطینی شہید اور ہزار سے زائد زخمی ہوگئے ہیں، جبکہ 270 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
احمد الربعی نے کہا کہ فلسطینی اس وقت بہت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، حکومت، فوج اور سیاسی جماعتوں کی حمایت کے شکر گزار ہیں۔
فلسطینی سفیر نے کہا کہ انشاء اللّٰہ فلسطین اور قبلہ اول آزاد ہوگا۔
سعودی عرب نے حماس اور اسرائیل سے لڑائی روکنے پر زور دیا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔