Featuredسندھ

فلسطینی مزاحمت نے اسرائیل کی ناک زمین پر رگڑ کر نئی تاریخ رقم کی ہے

کراچی: پریس کلب کے سامنے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت جشن مزاحمت فلسطین مظاہرہ کیا گیا

مظاہرے  کے شرکا نے فلسطینی مزاحمت کی طوفان الاقصی آپریشن کی کامیاب کاروائی پر فلسطینی قوم اور پوری مسلم اُمّہ کو مبارک باد دی۔

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی اپیل پر ملک بھر کی طرح کراچی پریس کلب کے سامنے فلسطینی مزاحمت کی غاصب اسرائیل کے مقابلہ میں عظیم الشان کامیابی پر جشن فتح و مزاحمت کے عنوان سے مظاہرہ کا انعقاد کیا گیا۔

فلسطینی مزاحمت سے یکجہتی کرنے کے لئے مظاہرے میں شہر بھر کی سیاسی و مذہبی قیادت سمیت سول سوسائٹی اور این جی اوز سمیت طلباء و طالبات اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

شرکائے مظاہرہ نے ہاتھوں میں پاکستان اور فلسطین کے پرچم اٹھا رکھے تھے اورطوفان الاقصی کے پلے کارڈ اٹھا کر فلسطینی مزاحمت سے اپنی یکجہتی اور حمایت کا اعلان کر رہے تھے۔ مظاہرین نے امریکہ اور اسرائیل کے پرچم بھی نذر آتش کئے۔

مقررین نے کہا کہ فلسطینی مزاحمت کی جانب سے اسرائیلی ناجائز قبضہ کے خلاف طوفان الاقصی آپریشن کی کامیاب کاروائی پر فلسطینی قوم اور پوری مسلم اُمّہ کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ ہم فلسطینی مزاحمت کے ساتھ ہیں اور بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔ یہ مظلوموں کی فتح ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی مزاحمت نے تاریخ میں ایک نیا باب رقم کر کے پوری مسلم اُمّہ اور عرب حکمرانوں کو جھنجھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری دنیا میں فلسطین کی مزاحمت کی حمایت کی جا رہی ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ پاکستان کے نگران وزیر اعظم نے انتہائی کمزور اور کھوکھلا موقف اپناتے ہوئے اسرائیل سے ہمدردی کرنے کی کوشش کی ہے جس پر پاکستان بھر کے عوام سراپا احتجاج ہیں۔

مقررین کا کہنا تھا کہ اسرائیل ایک غاصب اور ناجائز ریاست ہے ۔  پاکستان کے عوام قائد اعظم محمد علی جناح کے اصولوں کے مطابق فلسطین کاز کے ساتھ ہیں۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ پاکستان اسرائیل کوتسلیم نہیں کرے گا لیکن نگران حکومت کے اسرائیل سے متعلق نرم گوشہ نے پوری قوم کا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عرب حکومتیں کو اسرائیل کو اپنا نجات دہندہ سمجھ رہی تھیں ان کو جان لینا چاہئے کہ اسرائیل کا وجود زیادہ دیر باقی رہنے والا نہیں ہے لہٰذا اپنے غلط اقدامات کو قبل از وقت درست کر لیں۔

انہوں نے مسلم دنیا کے حکمرانوں سے اپیل کی کہ فلسطینی مزاحمت کی تاریخ ساز کاروائی کے موقع پر تمام حکومتیں اور مسلمان افواج فلسطینیوں کی پشتبانی کریں۔

مظاہرے سے فلسطین فاؤنڈیشن کے اراکین ، جماعت اسلامی کے مسلم پرویز، جمعیت علماء پاکستان کے رہنما علامہ قاضی احمد نورانی، علامہ عقیل انجم قادری، مجلس وحدت کے علامہ صادق جعفری، اسرار عباسی، عرم بٹ، معروف اسکالر محمود عالم جہانگیری، کشمیری رہنما بشیر سدوزئی، مفتی مرتضیٰ رحمانی، سکھ رہنما مگھن سنگھ اور دیگر نے خطاب کیا۔ 


اس موقع پر مظاہرین نے فلسطینی مزاحمت کے حق میں نعرے بلند کئے اور امریکہ و اسرائیل کے پرچم بھی نذر آتش کئے۔

 

 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close