کراچی: شارع فیصل نرسری پر ایم کیو ایم پاکستان کے زیر اہتمام فلسطین یکجہتی ریلی نکالی گئی۔
ایم کیو ایم پاکستان کی ریلی میں جے یو آئی، اے این پی اور جی ڈی اے سمیت مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں اور سماجی رہنمائوں کے علاوہ کارکنان نے بھی شرکت کی۔ ریلی میں خواتین، بچے اور بزرگ بھی موجود تھے جنہوں نے اسرائیل مظالم پر مبنی پلے کارڈز اٹھائے رکھے تھے۔ اس موقع پر اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔
اس موقع پر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی ملت اسلامیہ کے ساتھ ہے اور یہ اجتماع انسانیت کے حق میں اور صہیونیت کیخلاف ہے اور فلسطینی مسلمان جن کا خون بہایا گیا ہے، ملت اسلامیہ ان مظلوموں کے ساتھ ہے، فلسطین پر پاکستان کا متفقہ بیانیہ اسلام آباد سے نہیں کراچی سے جاری ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہونے کو سب سے بڑی عبادت قرار دیا ہے، آج کا یہ اجتماع ملت اسلامیہ کا اجتماع ہے، ایم کیو ایم پاکستان نے صرف اسٹیج سجایا ہے اور اپنا پلیٹ فارم فراہم کیا ہے، پاکستانیوں نے اس اجتماع میں شرکت کر کے اپنے آزاد ضمیر کا اظہار کیا ہے۔
ایم کیو ایم کی فلسطین یکجہتی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ راشد سومرو نے کہا کہ ایم کیو ایم کی قیادت کو اس عظیم الشان ریلی کے انعقاد پر دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج کا اجتماع غزہ کو یہ پیغام دیتا ہے کہ ہم تمہارے ساتھ ہیں اور اسرائیل پر لعنت بھیجتے ہیں، قبلہ اول ہمارا ہے، اسرائیل کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔
اے این پی کے رہنما شاہی سید نے ایم کیو ایم کی فلسطین یکجہتی ریلی کا انعقاد پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی مظلوموں کے ساتھ ہے اور ہمیشہ رہیگی۔
جمیل راٹھور نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے فلسطین کے حوالے سے پاکستان میں خاموشی کو توڑا اور اس عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا، یہ بات بھی طے ہے کہ ارض فلسطین پر اس وقت تک جہاد ہوتا رہے گا جب تک ریاست کا قیام عمل میں نہیں آجاتا۔
ایرانی قونصلیٹ سے حسن نوریا نے کہا کہ آپ کے پڑوسی اور ہمسایہ ملک کے ایک شہری ہونے کی حیثیت سے مجھے اس ریلی سے خطاب کرنے کا شرف مل رہا ہے رسولﷺ کی حدیث ہے کہ اگر کوئی مدد کیلئے پکارے اور ہم لبیک نا کہیں تو ہم مسلمان نہیں، مسلمانوں کا قبلہ اول قبضے میں ہے، فلسطینی یہودیوں کے ظلم و ستم کا شکار ہیں، ملت اسلامیہ کے حکمرانوں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ جیسے بھی ہو فلسطینیوں کی مدد اور اسرئیلیوں کیخلاف اٹھ کھڑے ہوں۔