ملکی سیاسی صورت حال میں اہم پیش رفت ، پی ٹی آئی اور فضل الرحمان کی ملاقات
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی ، سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا
مولانا فضل الرحمان سے ملاقات میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ، علی محمد خان ، بیرسٹر سیف اور جنید اکبر شامل تھے۔
یہ ملاقات مولانا فضل الرحمان کی اسلام آباد میں واقع رہائش گاہ میں ہوئی، وفد نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی خوشدامن کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی سیاسی صورت حال سمیت اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمان کے پیچھے نماز بھی ادا کی۔
گزشتہ دنوں مولانا فضل الرحمان کی اسحاق ڈار، آصف علی زرداری اور محمد علی درانی سے بھی ملاقات ہوئی تھی جس کے بعد سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے کے لیے گنجائش پیدا کرنی چاہیے۔
مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سمیت سب کی مرضی اس ملاقات میں شامل تھی، آج ہم فاتحہ خوانی کے لیے آئے تھے اور یہ ہمارے کلچرکا حصہ ہے۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ اگر کبھی غم خوشی ہو تو ایک دوسرے کا غم بانٹنا ہمارے کلچر کا حصہ ہے، آج کوئی سیاسی بات نہیں ہوئی۔
واضح رہے کہ 2018 کے بعد پہلی مرتبہ پی ٹی آئی کا وفد جے یو آئی قیادت سے ملا ہے۔