پاکستان کی سیمی فائنل میں رسائی کی امیدیں برقرار
پاکستان نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت نیوزی لینڈ کو 21 رنز سے شکست دے دی۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 401 رنز بنائے تھے۔ جواب میں پاکستان ٹیم نے 25.3 اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر 200 رن بنائے اور ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت نیوزی لینڈ کو 21 رنز سے شکست دے دی۔
نیوزی لینڈ کے اوپنر رچن رویندر نے 108 رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان کین ولیمسن 95 پر آؤٹ ہوئے جب کہ اوپنر ڈیوون کانوے 35، ڈیرل مچیل 29، مارک چیپمین 39، گلین فلپس 41 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔مچیل سینٹنر 26 اور ٹام لیتم 2 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونیئر نے 3، حسن علی، افتخار احمد اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 63 گیندوں پر 9 چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے کیرئیر کی 11 ویں سنچری بنائی جو ورلڈکپ میں ان کی پاکستان کی طرف سے تیز ترین سنچری ہے۔ کپتان بابر اعظم نے بھی نصف سنچری اسکور کی۔
پاکستان نے نیوزی لینڈ کے 402 رنز کے ہدف کے جواب میں ایک وکٹ کے نقصان پر 160 رن بنائے تھے تاہم بارش کے باعث میچ روک دیا گیا اور ڈک ورتھ لوئس (ڈی ایل ایس) میتھڈ کے تحت پاکستان کو 41 اوور میں 342 رنز کا ہدف ملا۔
پہلی مرتبہ بارش رکنے سے قبل پاکستان نے 21.3 اوور میں ایک وکٹ پر 160 رن بنائے تھے، نیوزی لینڈ نے 21 اوور میں ایک وکٹ پر 133 رن بنائے تھے، پاکستان ڈک ورتھ لوئس میتھڈ پر 10 رن آگے تھا۔
دوسری مرتبہ بارش سے میچ رکا تو ڈک ورتھ لوئس (ڈی ایل ایس) میتھڈ کے تحت پاکستان 21 رن آگے تھا، 25.3 اوور پر پاکستان کو ایک وکٹ پر 179 رن کرنا تھے۔