Featuredاسلام آباد
آذربائیجان سے اسمگل کیے جانے والے تین بچے اور چار خواتین اسلام آباد سے بازیاب
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے ) نے آذربائیجان سے اسمگل کیے جانے والے تین بچوں اور چار خواتین کو اسلام آباد سے بازیاب کرالیا۔
آذربائیجان سے خواتین کی پاکستان میں اسمگلنگ کا انکشاف ہوا ہے جس پر ایف آئی اے نے متاثرین کو بازیاب کرا کر تین انسانی سمگلروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق متاثرہ خواتین کو ملازمت کا جھانسہ دے کر آذربائیجان سے پاکستان لایا گیا تھا اور ملزمان متاثرہ خواتین کوغیر اخلاقی سرگرمیوں میں استعمال کرتے تھے۔
متاثرین کے ویزے کی معیاد ختم ہو چکی تھی اور غیر قانونی طور پر رہائش پزیر تھیں، متاثرین کو اسلام آباد کے علاقے ای الیون میں واقع فلیٹس سے بازیاب کیا گیا جبکہ چھاپے کے دوران خواتین سے پاسپورٹس بھی برآمد کر لئے گئے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ایف آئی اے نے 3 انسانی سمگلروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔