برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ پارلیمنٹ میں غزہ کے بچوں کا ذکر کرتے ہوئےزار و قطار روپڑی
پارلیمنٹ کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے غزہ کو بچوں کا قبرستان قرار دیدیا ہے، برطانیہ کب خون ریزی بند کرانے کیلئے کوششوں کا آغاز کرے گا؟
اپنے خطاب میں ناز شاہ کا کہنا تھا کہ ایک ویڈیو میں ملبے سے نکالی گئی بچی اپنے انکل سے پوچھ رہی تھی کیا وہ مرگئی ہے اور اسے قبرستان لے جایا جا رہا ہے؟
انہوں نے کہا کہ اس عمر کے بچے قبرستان جانے کی نہیں کھیل کے میدان میں جانے کی باتیں کرتے ہیں۔
ایک اندازےکے مطابق اسرائیلی جارحیت کے باعث روزانہ سو سے زائد فلسطینی بچے شہید ہو رہے ہیں۔
غزہ پر اسرائیلی بمباری کے سبب 4 ہزار سے زائد بچے جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ 8 ہزارسے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
ڈیفنس فار چلڈرن انٹرنیشنل فلسطین نامی این جی او کا کہنا ہے کہ 1967 سے 7 اکتوبر 2023 سے قبل مغربی کنارے اور غزہ میں اسرائیل کے ہاتھوں جتنے بچے شہید ہوئے، اس دوگنا تعداد میں بچے ایک ماہ کے دوران شہید ہوچکے ہیں۔
این جی او کے مطابق 1350 بچے ابھی بھی عمارات کے ملبے تلے موجود ہیں اور ان میں بیشتر ممکنہ طور پر شہید ہو چکے ہیں۔