شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کےلیے پرعزم ہیں، چیف الیکشن کمشنر
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا ہے کہ شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کیلئے پوری طرح تیار اور پرعزم ہیں۔
قومی ووٹرز ڈے پر اپنے پیغام میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے، الیکشن کمیشن یقین دلاتا ہے کہ انتخابات کے دوران آپ کو مکمل تحفظ فراہم کیاجائے گا۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ عوام سے اپیل ہے روشن مستقبل کیلئے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں، الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون کریں پرامن انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں۔ عوام کو یاد رکھنا چاہیے کہ آپ کے ہاتھوں میں ووٹ کی طاقت ہے، اپنے اور اپنے بچوں کے مستقبل کو سامنے رکھ کر اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات کے سلسلے میں بے بنیاد خبروں اور افواہوں پر یقین نہ کریں، عوام سے اپیل ہے کہ وہ انتخابی عمل میں بھر پور حصہ لیں، یہ عوام کا حق اور قومی فریضہ بھی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اس وقت آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں میں مصروف عمل ہے، حتمی انتخابی فہرستوں کی پرنٹنگ و ترسیل کا کام مکمل ہو چکا ہے، الیکشن کمیشن چند دن میں ڈی آراوز،آراوز،اسسٹنٹ افسران کا نوٹیفکیشن جاری کرنےجا رہا ہے اور چند روز میں الیکشن شیڈول دیا جائے گا پولنگ 8 فروری 2024ء کو ہوگی۔