لاہور: آئین ٹوٹتا ہے تو ججز آئین شکن کو ہار پہناتے ہیں، پارلیمنٹ ٹوٹتی ہے تو کہتے ہیں ٹھیک ہوا۔
پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ سال 2016ء کے آخر میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کردیا، دہشت گردی کو ختم کردیا، ڈالر کی مجال نہیں تھی چار سال یہاں سے وہاں ہلے، فارن ریزرو ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ تھے، ملکی ترقی چھ اعشاریہ دو فیصد لے گئے تھے، شرح سود ڈبل ڈجٹ پر تھی جسے ہم سوا پانچ فیصد پر لے آئے تھے، ایکسپورٹ ری فائنانس تین فیصد تھا، ایکسپورٹ بڑھ رہی تھی، آئی ایم کو ہم نے خدا حافظ کہا مگر وہ دن کہاں گئے؟
مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ نے تبدیلی کے نام پر جھوٹ، یوٹرن، بدتمیزی اور دھاندلی کو کرکے دکھایا، ملک کو بھارت یا امریکا نے نہیں ہم نے خود نقصان پہنچایا، آئین توڑنے والوں کو ججز نے خود ہار پہنائے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی واپس آگئی، جیسے ہی عمران خان آیا ڈالر کی قیمت کو پر لگ گئے، گروتھ ختم ہوگئی، آئی ایم ایف کو اس کی شرائط پر لایا گیا، مہنگائی آسمان کو چھو گئی، یہ حقائق ہیں جنہیں کوئی جھٹلا نہیں سکتا۔
نواز شریف نے کہا کہ آر ٹی ایس بند کروانے کے باوجود ہماری پارٹی پنجاب میں اکثریت میں آئی، محض چار ووٹوں کی برتری کی سلیکٹڈ کو لایا گیا جس میں ایم کیو ایم، بلوچستان اور فاٹا کے لوگ شامل تھے۔
سربراہ ن لیگ نے کہا کہ 70 سال سے دیکھ رہے ہیں آئین توڑا جاتا ہے تو ججز آئین توڑنے والے کو ہار پہناتے ہیں ایسے فیصلے سب نے ہوتے ہوئے دیکھے، جو ہورہا ہے اسے روکو ورنہ زبان سے کہو ورنہ دل میں برا جانو ہم نے تیسرا آپشن چنا، ہمیں سابقہ ججز کے ذریعے جیلوں میں ڈالا گیا اور موجودہ ججز نے چند پیشیوں پر کیسز ختم کردیے، ہمارے بارے میں کہا گیا کہ مریم اور نواز کو جیل سے باہر نہیں آنا چاہیے ورنہ ہماری محنت ضائع ہوجائے گی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں باہر سے بھارت یا امریکا نے نقصان نہیں پہنچایا ہم آج اپنی وجہ سے اس حال میں ہیں ہم نے خود ہی اسے نقصان پہنچایا، جھوٹ، یوٹرن، بدتمیزی، دھاندلی یہ سب کچھ ایک لیڈر نے تبدیلی کے نام پر کرکے دکھایا اور اسے ریاست مدینہ کا نام دیا اسے اللہ سے ڈر نہیں لگا، مسجد نبوی میں نعرے لگاتے ہیں، قوموں کی تعمیر ایسے ہوتی ہے؟ یہ تو قوم کو بربادی کی جانب لے جانے والی بات ہے، یہ ہماری بہت بری تاریخ ہے۔
ن لیگی قائد نے مزید کہا کہ ریاست مدینہ کا نام لینے والے لیڈر نے قوم کو بدتمیزی، غنڈہ گردی، دھونس، دھاندلی اور یوٹرن پر لگادیا۔
سربراہ ن لیگ نے کہا کہ ٹکٹ حاصل کرنے کے خواہش مند نیت رکھیں کہ ٹکٹ ملنے پر قوم کو اس گرداب سے ضرور نکالیں گے۔