Featuredپنجاب

دورہ امریکا، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور

چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے ممتاز امریکی تھنک ٹینکس اور میڈیا کے ساتھ خصوصی ملاقات کے دوران غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور دیتے ہوئے خطے میں پائیدار امن کیلئے دو ریاستی حل کا نفاذ ضروری قرار دے دیا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ممتاز امریکی تھنک ٹینکس اور میڈیا کے ارکان کے ساتھ خصوصی گفتگو کے دوران علاقائی سلامتی، بین الاقوامی دہشت گردی اور جنوبی ایشیا میں سٹریٹجک استحکام کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر پاکستان کے نقطہ نظر کو اُجاگر کیا۔

آرمی چیف نے مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی اُمنگوں اور اقوامِ متحدہ کی کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور کوئی بھی یکطرفہ اقدام کشمیری عوام کی خواہشات کے خلاف اس تنازعہ کی نوعیت کو تبدیل نہیں کرسکتا۔

آرمی چیف نے غزہ میں فوری جنگ بندی ، انسانی ہمدردی اور خطے میں پائیدار امن کے لیے دو ریاستی حل کے نفاذ کی فوری ضرورت پر بھی زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان علاقائی استحکام اور عالمی امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کئی دہائیوں سے بین الاقوامی دہشت گردی کے خلاف نبرد آزما ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال خدمات اور قربانیاں دی ہیں اور پاکستانی عوام کی بھرپور حمایت سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جیو پولیٹیکل اور جیو اکنامک دونوں نقطہ نظر سے اہم ترین ممالک میں سے ہے ، پاکستان وسطی ایشیاء کے دیگر ممالک کے ساتھ مضبوط تعلقات استوار کرنے کے لئے اہم کردار ادا کرنا چاہتا ہے، پاکستان بلاک پالیٹکس کے بجائے تمام دوست ممالک کے ساتھ متوازن تعلقات برقرار رکھنے پر یقین رکھتا ہے۔

آرمی چیف نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ پاکستان طویل مدتی دوطرفہ تعلقات کے ذریعے امریکا کے ساتھ مضبوط روابط کو وسیع کرنے کا خواہاں ہے۔

دورہ امریکہ کے دوران سیاسی اور عسکری قیادت کے ساتھ آرمی چیف کی بات چیت بہت مثبت رہی جبکہ آرمی چیف کی آمد پر پاکستان کے سفیر نے اُن کا استقبال کیا۔

 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close