پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عمران خان آج بھی پارٹی میں سب کے چیئرمین ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے آنے تک خدمات انجام دوں گا، وہ آج بھی سب کے چیئرمین ہیں ، انہیں کے احکامات پر پارٹی چلاؤں گا، یہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی پارٹی ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ہمارے خلاف جو درخوستگزار آئے وہ پلانٹڈ تھے ، ہم چیف الیکشن کمشنر کے مستعفی ہونے کے مطالبے کو سپورٹ نہیں کریں گے، الیکشن سر پر آچکا ہے ، مستعفی ہونے کا مطالبہ کرنے سے الیکشن لیٹ ہوگا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ الیکشن اپنے وقت پر ہونا چاہئے تاخیر نہیں ہونی چاہئے، ہم میں کوئی بڑا اختلاف نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن بہت اہم ہے ، ملک کی 70 فیصد مقبول جماعت کو الیکشن سے باہر نہیں رکھا جائے گا ، اگر ایسا ہوا تو انتخابات پر ایک سوالیہ نشان ہو گا ، حقوق کے تحفظ کی ذمہ داری عدلیہ کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالت کو کہا ہے کہ بایئو میٹرک کیلئے بھی جائیں تو ہماری پکڑ دھکڑ کی جاتی ہے۔