پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ 9 فروری 2024 کو پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو پاکستان کے وزیر اعظم بن جائیں گے۔
سکھر میں میڈیا سے گفتگو کے دوران پی پی رہنما ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ ملک میں پیپلز پارٹی ہی الیکشن کے میدان میں ہے، بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری سمیت سب الیکشن مہم میں موجود ہیں جبکہ دوسری پارٹیاں صرف ڈرائنگ روم کی سیاست کرتی نظر آرہی ہیں۔
پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ الیکشن کے حوالے سے حیلے بہانے کر رہے ہیں، مطلب کچھ پارٹیاں الیکشن سے فرار چاہتی ہیں، ہم عوام کے لاڈلے بننا چاہتے ہیں کسی اور کے لاڈلے نہیں۔
ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ ہم چیف جسٹس فائز عیسٰی کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے الیکشن کو یقینی بنایا جبکہ چیف الیکشن کمشنر کا کردار بھی قابل تعریف ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بھی پی پی کلین سوئپ کرتی نظر آرہی ہے، کے پی کے میں بھی ہماری پوزیشن اب بہتر ہوگئی ہے، سنٹرل پنجاب میں مقابلہ ہوگا اور سندھ پورا کلین سوئپ کریں گے۔