ہم جانتے ہیں کہ ایران خطے میں عدم استحکام اور حوثیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے اس طرح کی مدد کرتا رہا ہے
امریکا نے بحیرہ احمر میں بحری جہازوں پر حوثیوں کے حملوں کی منصوبہ بندی کا الزام ایران پر لگا دیا۔
وائٹ ہاؤس میں قومی سلامتی کونسل کی ترجمان ایڈرین واٹسن نے کہا کہ یمنی حوثیوں کے بحیرہ احمرمیں جہازوں پر حملوں میں ایران ملوث ہے، ایران نے حوثیوں کو ڈرونز، میزائل اور تکنیکی معلومات فراہم کیں۔
امریکی ترجمان نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایران بحیرہ احمر میں جہازوں پر حملے کی منصوبہ بندی میں پوری طرح ملوث تھا، ہم جانتے ہیں کہ ایران طویل عرصے سے خطے میں عدم استحکام کیلئے حوثیوں کی حوصلہ افزائی میں اس طرح کی مدد کرتا رہا ہے۔
دوسری جانب ایران نے بحیرہ احمر میں بحری جہازوں پر حوثیوں کے حملوں میں ملوث ہونے کے امریکی الزامات کو مسترد کردیا۔
خیال رہے کہ فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یمنی حوثیوں کی جانب سے بحیرہ احمر کے راستے اسرائیل جانے والے بحری جہازوں پر ڈرون حملوں کے بعد گزشتہ ہفتے امریکا نے بحیرہ احمر میں جہازوں کی باحفاظت نقل و حرکت جاری رکھنے کیلئے 20 ملکی بحری افواج کے اتحاد کا اعلان کیا تھا