سانحہ 9 مئی کے پرتشدد واقعات کے دوران اسپتال کو آگ لگانے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ملوث شرپسندوں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ زور پکڑ گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسپتال پر حملہ کرنے کی بزدلانہ کاروائی پر عینی شاہدین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کو مخصوص سیاسی جماعت کے شرانگیز افراد نے اسپتال پر حملہ کیا اور توڑ پھوڑ کی۔
عینی شاہدین کے مطابق ان مٹھی بھر شر پسند عناصر نے خود اسپتال پر حملہ آور ہو کر الزام ایجنسیوں پر لگایا، ان شرپسند عناصر نے اسپتال اور ملک میں انتشار اور افراتفری پھیلا کر ملک دشمن عناصر کے پروپیگنڈے کو تقویت دی۔
موقع پر موجود افراد کے مطابق احتجاج کی آڑ میں ان دہشتگرد عناصر نے ہسپتال پر حملہ کیا، جو اس شر انگیزی میں ملوث ہے ان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ جن کا قصور ہے ان کو عبرت ناک سزا ملنی چاہیے تاکہ آئندہ کوئی ملکی املاک کو نقصان نہ پہنچائے۔
عوامی حلقوں کے مطابق ایک دہشتگرد گروہ نے اپنے ہی ملک کے ادارے کو نقصان پہنچایا، ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا، جو بھی ایسی کاروائی میں ملوث تھے ان کو کیفر کردار تک پہنچانا چاہیے۔ جو بھی نامزد ملزمان ہیں اور جنہوں نے ہسپتال پر حملہ کیا ان کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہیے۔
عینی شاہد کا کہنا ہے کہ یہ ملک، فوج اور اسپتال ہمارے ہیں تو جو بھی اس کاروائی میں ملوث ہیں انہوں نے بہت غلط کیا، اس دہشت گرد گروہ نے بہت زیادتی کی اور اپنے ہی اسپتال پر حملہ کیا۔