عام انتخابات 2024 کے التوا سے متعلق ایک اور قرارداد سینیٹ میں جمع
آزاد پارلیمانی گروپ کے سینیٹر ہدایت اللہ نے الیکشن 2024 کے التوا سے متعلق قرارداد سینیٹ میں جمع کرادی۔
سینیٹر ہدایت اللہ عام انتخابات کے التوا کے لیے متحرک ہوگئے ہیں اور ان کی جانب سے ایک قرارداد سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کروائی گئی ہے جس میں الیکشنز کو تین ماہ تک ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی سینیٹ میں انتخابات کے التواء کے حوالے سے قرارداد پیش کی گئی تھی جسے ایوان میں موجود ممبران کی اکثریت نے منظور بھی کر لیا تھا۔
جمعہ کے روز سیکورٹی چیلنجز کے پیش نظر ایوان بالا میں عام انتخابات تین ماہ کے لئے ملتوی کرنے کی دوسری قرارداد سینیٹ میں جمع کرانے کا فیصلہ کیا گیا تاہم قرارداد پر سینیٹر ہدایت اللہ کے علاوہ کسی اور سینیٹر کے دستخط نہیں ہے۔
قرارداد کے مسودے کے مطابق ایوان بالا الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ پر زور دیتا ہے کہ وہ انتخابات کے پرامن انعقاد پر ہمدردانہ غور کرے۔
سینیٹر ہدایت اللہ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں حالیہ پرتشدد حملوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔