بلا رہے نہ رہے پاکستان کے عوام عمران خان کے نام پر ووٹ دیں گی
انٹرا پارٹی الیکشن پر اُن لوگوں نے اعتراض کیا جن کا پی ٹی آئی سے تعلق نہیں
اسلام آباد: ہم نے پہلے سے حکمتِ عملی تیار کی ہوئی ہے اور کوئی فکر کی بات نہیں ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ہمارے امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن لڑیں گے۔
عدالتی فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کے امیدوار اب آزاد امیدوار کے طور پر لڑیں گے، اس حوالے سے ہم نے پہلے سے حکمتِ عملی تیار کی ہوئی ہے اور کوئی فکر کی بات نہیں ہے۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ پی ٹی آئی الیکشن زور و شور سے لڑے گی، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد بھی پارٹی رجسٹرڈ ہے اور عدالت نے امیدواروں کو الیکشن لڑنے سے روکا نہیں ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ سپریم کورٹ کے آج کے فیصلے سے بہت زیادہ مایوسی ہوئی ہے، ہمیں انصاف کی امید تھی اور خواہش تھی کہ انصاف ہوتا ہوا دکھائی دے مگر ایسا نہیں ہوا۔
پی ٹی آئی کے دس کروڑ ووٹر ہیں کسی کو بھی انٹرا پارٹی الیکشن پر اعتراض نہیں تھا البتہ اُن لوگوں نے اعتراض کیا جن کا پی ٹی آئی سے تعلق نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن چودہ بندوں نے سپریم کورٹ میں درخواستیں دیں اُن میں سے بھی پی ٹی آئی کا ممبر نہیں رہا، بلا رہے نہ رہے پاکستان کے عوام عمران خان کے نام پر ووٹ دیں گی۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ تحریک انصاف کے تمام ارکان آزاد حیثیت سے الیکشن لڑیں گے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی تمام مخصوص نشستوں سے محروم ہوجائے گی اور قومی یا صوبائی اسمبلی میں اسے کوئی مخصوص نشست نہیں ملے گی جبکہ امیدوار بھی علیحدہ علیحدہ نشان پر آزاد حیثیت میں الیکشن لڑیں گے۔