تہران: ایران نے عراق میں موساد کے ہیڈ کوارٹر اور شام میں داعش کے ٹھکانوں پر بھی حملے کیے ہیں ۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے پاسداران انقلاب نے شام اور عراق میں اسرائیل اور داعش کے متعدد اہداف پر میزائل حملے کیے جن میں کئی دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔
ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ پاسداران انقلاب نے عراق میں کردوں کے زیر انتظام علاقوں کے دارالحکومت اربیل میں اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کے ہیڈ کوارٹر اور ایران مخالف دہشت گرد گروہوں کے ایک اجتماع پر میزائل داغے ہیں۔
ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق ان میزائل حملوں میں اسرائیل کا جاسوس ہیڈکوارٹر تباہ اور متعددجنگجو ہلاک ہوگئے۔
نیوز ایجنسی کے مطابق عراق میں یہ میزائل حملے کرد دہشت گردوں کے کرمان اور راسک میں ہمارے عزیز ہم وطنوں کے ایک گروپ کو ناحق قتل کرنے کے جواب میں کیے گئے۔
پاسداران انقلاب نے شام میں بھی دہشت گردوں کے علاقوں پر بیلسٹک میزائل حملے کیے جس میں داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جب کہ حلب میں بھی داعش پر حملے کیے گئے ہیں ۔