نوشہرو فیروز: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ذاتی دشمنی اور وہ عوام کیلئے الیکشن لڑ رہے ہیں
نوشہرو فیروز میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مجھے وزیر اعظم بنائیں مل کر غربت اور بیروزگاری کا مقابلہ کریں گے، سندھ اور وفاق میں پیپلز پارٹی کی حکومت بنائیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں ذاتی دشمنی اور وہ عوام کیلئے الیکشن لڑ رہے ہیں، مقابلہ تیر اور شیر کے درمیان ہے، 100فیصد سیٹیں پیپلز پارٹی کو جتوائیں، تاکہ مہنگائی اور بے روزگاری کا مقابلہ کرنے کے 10 نکاتی ایجنڈے پر عمل کیا جا سکے۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہمارا 10 نکاتی ایجنڈا مہنگائی، بے روزگاری کا مقابلہ کرنے کیلئے ہے، نوشہرو فیروز میں سیلاب کے دوران مختلف علاقوں کا دورہ کیا، میں نے وعدہ کیا تھا سیلاب متاثرین کو گھر بنا کر دوں گا، کم عرصے میں 20 لاکھ گھر بنانے کا سلسلہ شروع کر چکے ہیں، نہ صرف پکے گھر بلکہ خواتین کو مالکانہ حقوق بھی دلوا رہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ سیلاب سے سندھ کے 50 فیصد تعلیمی ادارے تباہ ہو چکے، ہم ایک بار پھر بچوں کے لیے تعلیمی ادارے بنائیں گے، نوشہرو فیروز میں یونیورسٹی بنائیں گے، مفت صحت کی سہولت بھی عوام تک پہنچائیں گے، نوشہرو فیروز کے عوام کے لیے بھی این آئی سی وی ڈی کا ایک یونٹ بنانا چاہتا ہوں۔