پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے
جنت نظیروادی پر بھارت کے ناجائز قبضے کو 76 برس ہوگئے۔ بھارتی قبضے اورمظالم کیخلاف پاکستان سمیت دنیا بھرمیں آج یوم یکجہتی کشمیرمنایا جا رہا ہے۔ پاکستان بھرمیں عام تعطیل ہے۔ آزاد کشمیرمیں جلسے جلوس اورمظاہرے کئے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق روئے زمین پر آزادی کی سب سے بڑی جدوجہد 76 سال سے جاری ہے، کشمیر کی جدوجہد آزادی میں ایک دن بھی ایسا نہیں آیا جب کشمیریوں کے قدم ذرا بھی ڈگمگائے ہوں۔
بھارت لاکھ ظلم کرے 9 لاکھ فوجی تعینات کرکے جنت نظیر وادی کو چھاونی بنادے ۔ ہندووں کو لاکر کشمیر میں بسادے، تہاڑ جیل سے گھروں تک ہزاروں کشمیریوں کو نظربند کرے مگر یہ جنگ آزادی ملنے تک رکی نہ رکے گی۔ کتنی ماوں کی گود اجڑ گئیں مگر جانباز کشمیریوں نے ظالم بھارتی فوج کے سامنے اپنے سر تو کٹوا لیے مگر جھکائے نہیں۔
درندہ صفت بھارتی فوج نے 1990 میں سری نگر سمیت دیگر شہروں میں بھارتی تسلط کے خلاف سراپا احتجاج 51 سے زیادہ کشمیریوں کو بربریت کا نشانہ بناکر شہید کر دیا تھا ۔ اُس وقت سے آج تک پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکہجتی کا دن منایا جاتا ہے ۔ ظالم بھارت کو پیغام دیا جاتا ہے کہ ہمارا خون کا رشتہ ہے سرحدوں کا نہیں ہمارے خون میں گنگا بھی، چناب بھی ہے۔