کراچی: جب فیصلہ ہو چکا کہ سندھ پیپلز پارٹی کو دینا ہے تو یہ دو نشستیں بھی زرداری صاحب کو دے دیں۔
کراچی میں جی ڈی اے کا اجلاس ہوا جس کے بعد پیر پگارا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ اینٹی اسٹیٹ الیکشن تھا، یہ ریٹرننگ افسران کا نہیں کسی اور کا کام ہے۔
گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے سندھ اسمبلی کی دو نشستیں چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ پیر پگارا نے نتائج مسترد کردیے اور الیکشن کو ریاست مخالف قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب فیصلہ ہو چکا کہ سندھ پیپلز پارٹی کو دینا ہے تو یہ دو نشستیں بھی زرداری صاحب کو دے دیں۔
انکا کہنا تھا کہ مجھے کسی دوست نے مشورہ دیا کہ جی ڈی اے ختم کردو، میں نے کہا جی ڈی اے ختم نہیں کرسکتا۔
انکا کہنا تھا کہ مجھے کہا گیا زرداری صاحب سے الائنس کرلو، فنکشنل لیگ کو نشستیں مل جائیں گی۔ کہا گیا پھر جی ڈی اے کے سامنے صفر لکھا ہوا ہے، ایم کیو ایم کے سامنے 15 ہے۔
پیر پگارا کا کہنا تھا کہ عزت و انصاف نہ ملے تو ہم پُرامن احتجاج کریں گے۔
کراچی میں پیر پگارا کی زیر صدارت جی ڈی اے رہنماؤں کے اجلاس سے متعلق سیکریٹری اطلاعات جی ڈی اے سردار عبدالرحیم کا کہنا تھا کہ اجلاس میں الیکشن کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں سندھ کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال جاری ہے۔
سردار عبدالرحیم کا کہنا تھا کہ اجلاس میں سید صدرالدین شاہ، سید غوث علی شاہ، غلام مرتضیٰ جتوئی، صفدر عباسی، لیاقت جتوئی، ارباب غلام رحیم، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، ایاز لطیف پلیجو، ڈاکٹر ذوالفقار مرزا اور عرفان اللّٰہ مروت بھی شریک ہوئے۔
پیر پگارا صبغت اللّٰہ شاہ راشدی کا کہنا تھا کہ ہم قانون کے دائرہ میں رہ کر احتجاج کریں گے، ہمارے احتجاج میں ایمبولینس کو کوئی نہیں روکے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم کوئی خیرات کی سیٹس نہیں لیں گے۔
رہنما جی ڈی اے صفدر عباسی کا کہنا تھا کہ ہم اگلی حکومت نہیں چلنے دیں گے، جب تک شفاف انتخابات نہیں ہوتے ہم احتجاج کرتے رہیں گے۔