Featuredپنجاب

ظل سبحانی کے خواب 8 فروری کو چکنا چور ہوگئے، لطیف کھوسہ

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما اور وکلاء ٹیم کے رکن سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ ظل سبحانی کو تاج پوشی کیلئے لایا گیا تھا لیکن ظل سبحانی کے خواب 8 فروری کو چکنا چور ہوگئے ہیں عوام نے ظل سبحانی کو واضح طور پر مسترد کردیا ہے۔

منگل کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ الیکشن میں پی ٹی آئی کو ہاتھ پاؤں باندھ کر میدان جنگ میں اتارا گیا لیکن عوام نے پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیکر چاروں شانے چت کردیا، آئین کے تحت عوام ہی پاکستان کی ریاست بنتی ہے، عوام کا اختیار ہے وہ اپنے نمائندوں کو اسمبلی میں بھیجیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم نے 25 کروڑ عوام کے پاس اپنا مقدمہ پیش کر دیا، عوام نے ہمیں بڑا کلیئر مینڈیٹ دیا ہے، عوام نے ظلم کا بدلہ ووٹ سے لیا ہے، عوام نے واضح فیصلہ دیا پاکستانی جمہوریت بانی پی ٹی آئی کے بغیر نہیں چل سکتی۔

لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو تسلسل سے پابند سلاسل کیا گیا، ان کی سزاؤں کو عوام نے مسترد کیا، عوام نے بتا دیا وہ نہ ہی باغی ہیں نہ مجرم ہیں، انہیں فی الفور رہا کیا جائے اور انکی سزاؤں کو کالعدم قرار دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے دو ٹوک فیصلہ دیا ہے، ہم نے جتنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے اس میں پی ٹی آئی لکھا تھا، الیکشن کمیشن پی ٹی آئی پر پابندی نہیں لگا سکتی، ہم الیکشن کمیشن سے بلا لینے گئے تھے پورا جہیز کا سامان دے دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بلے کا ووٹ نہیں تھا ، ووٹ بانی پی ٹی آئی کا تھا، واحد الیکشن ہے جس میں ووٹر امیدوار کو ڈھونڈ رہا تھا، ووٹر کی ضد تھی اپنے حقوق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ سعدرفیق کو کریڈٹ دیتا ہوں انہوں نے گریس دکھا کر شکست کو تسلیم کیا، سعد رفیق سے کہا اپنے بڑوں کو بھی یہ درس دو، اگر نواز شریف یاسمین راشد سے ہار گئے تو شکست تسلیم کرنے میں قباحت نہیں ہونی چاہیے، خواجہ آصف اگر ہار گئے ریحانہ ڈار سے تو شرم نہیں ہونی چاہیے ہارماننے میں، ڈھٹائی اور بے شرمی کی انتہا ہے، یہی خواجہ آصف اسمبلی میں کہتے تھے کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ فارم 45 کے مطابق 170 پی ٹی آئی امیدوار جیت رہے ہیں، ہمیں آزاد امیدوار کہنا غیر آئینی ہے، اگر ہماری مخصوص نشستیں شامل کریں تو 200 کراس کرتے ہیں، یہ ملک اور آئین کے ساتھ کھلواڑ ہو رہا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close