امریکا کا انتخابی نتائج کی تحقیقات کا مطالبہ مسترد : دفتر خارجہ
دولت مشترکہ کی جانب سے پاکستان کے انتخابات کو شفاف قرار دیا گیا ہے
اسلام آباد:پاکستان میں انتخابی عمل پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، ہم اپنی آئینی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں نبھاتے ہیں۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان میں انتخابی عمل پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، ہم نے غیر ملکی مبصرین اور دولت مشترکہ مبصرین کا خیر مقدم کیا ہے، ہم اپنی آئینی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں نبھاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انتخابی عمل عوام کو اظہار رائے کی آزادی کے ساتھ ہوا، یہ پاکستان کے عوام کا حق ہے کہ وہ اپنی رائے کا آزادانہ استعمال کرسکیں، الیکشن کمیشن کا ادارہ تمام انتخابی عمل کو مانیٹر کررہا تھا، دولت مشترکہ وفد کی جانب سے پاکستان میں انتخابی عمل کی شفافیت کی بات کی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ انتخابات کے حوالے سے جو میڈیا رپورٹس سامنے آئیں ان پر ہم بات نہیں کریں گے، بھارت کشمیر میں پیسے پھینک کر اپنی حیثیت کو آئینی نہیں بناسکتا، ماضی میں بھارت پاکستان میں ماوراے عدالت و ماوراے جغرافیہ قتل عام میں ملوث رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ قطر میں سزا پانے والے بھارتی بحریہ کے ریٹائرڈ افسران تھے، پاکستان میں بھی بھارتی بحریہ کا افسر کلبھوشن جادیو پکڑا گیا تھا۔
بھارتی وزیر اعطم نریندر مودی کو نئی حکومت کی حلف برداری کی تقریب میں دعوت دینے کے معاملے میں انہوں نے کہا کہ یہ ابھی قبل از وقت معاملہ ہے اس حوالے سے فیصلہ نئی آنے والی حکومت کرے گی ہمیں جیسی ہدایات ہوں گیں ہم اس پر عمل کریں گے۔
دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستانی دفتر خارجہ اعلی عدلیہ کا احترام کرتا ہے، اعلی عدلیہ کی جانب سے کسی بھی ہدایت کا احترام کریں گے۔
پاک افغان تعلقات پر انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان دوست اور ہم سایہ ممالک ہیں، دونوں کے قریبی برادرانہ تعلقات ہیں تاہم ان تعلقات میں متعدد معاملات پر تحفظات ہیں، یہ تحفظات افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں پر ہیں، پاکستان نے بار ہا کہا ہے کہ جب بھی دہشت گرد افراد اور تنظیموں کے بارے میں مصدقہ اطلاعات ہوں گی کارروائی کریں گے۔
ترجمان نے مزید کہا ہے کہ نہیں جانتے اسامہ بن لادن کے قتل سے تین سال قبل امریکا کی معلومات کی فراہمی کا کونڈا لیزا رائس کا دعوی کس حد تک درست ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جمہوریہ ڈومینکا کے مابین سفارتی تعلقات قائم کیے گئے، او آئی سی کی جانب سے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف بیان کی حمایت کرتے ہیں، اسرائیل کی جانب سے رفح پر حملے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی خلاف ورزی ہیں اور پاکستان غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر پر عملدرآمد اور فلسطینیوں کے قتل عام کو روکنے کا مطالبہ کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی این ایس اے ایجنسی نے 10 فروری کو جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے دفاتر پر ملک بھر میں چھاپے مارے ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، مقبوضہ جموں و کشمیر میں سیاسی رہنماوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، پاکستان مسئلہ. کشمیر کا حل کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق چاہتا ہے۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان اور روس کے مابین اسٹریٹجک استحکام پر مشاورتی گروپ کا 14واں دور 7 فروری کو ہوا، پاکستان کو خطے میں دہشت گرد عناصر کے سر اٹھانے پر تحفظات ہیں، ہم افغان انتظامیہ سے پاکستان کے خلاف سرگرم دہشت گرد گروہوں و عناصر کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کر چکے ہیں۔