کل ایف 9 پارک میں احتجاج کی قیادت کروں گا، شیر افضل مروت
رہنما تحریک انصاف شیرافضل مروت کا کہنا ہے کہ انتخابی نتائج ماننے کا سوال کہاں سے پیدا ہوگیا؟ الیکشن کے بعد ریٹرننگ افسران نے انتخابات کا حشر خراب کیا ہے۔
الیکشن کمیشن آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں شیر افضل مروت نے کہا کہ ہم نے انتخابی نتائج کو چیلنج کیا ہے۔ کل ایف 9 پارک اسلام آباد میں احتجاج کی قیادت میں خود کروں گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہفتے کو پورے ملک میں پُرامن احتجاج کریں گے، دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی احتجاج میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں، جو جماعتیں سمجھتی ہیں کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی وہ بھی احتجاج میں شرکت کریں۔
بیرسٹر گوہر نے دعویٰ کیا کہ ریکارڈ کے مطابق تحریک انصاف 180 سیٹیں جیت چکی ہے، ہمارا ایک پوائنٹ ایجنڈا تھا کہ ہم پاور پولیٹکس نہیں کریں گے۔
دوسری جانب وفاقی پولیس نے خبردار کیا ہے کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے۔ شہر میں کسی بھی غیر قانونی اجتماع کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پولیس نے واضح کیا کہ پرامن احتجاج سب کا بنیادی حق ہے مگر کسی بھی غیر قانونی عمل کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پرتشدد رویہ اختیار کرنے یا اکسانے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔