لاہور: ٹیکسلا کچہری کے باہر پولیس اہلکار کی سرعام غنڈہ گردی، خاتون کو تھپڑرسید کردیے واقعہ کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا وائرل ہوگئی۔
پولیس اہلکار کی جانب سے بھرے مجمعے میں خاتون کو تھپڑ مارنے کی فوٹیج سامنے آگئی۔ فوٹیج کے مطابق ملزم بصیر خان کو کچہری کے باہر پولیس نے گرفتار کرنے کی کوشش کی اور اس دوران ایک اہلکار نے ملزم کی ماں کو تھپڑ مارے۔
پولیس ملزم بصیر کو زبردستی گاڑی میں ڈال کر لے گئی۔ اہلکار نے لوگوں کی بڑی تعداد میں موجودگی کے دوران دیدہ دلیری سے خاتون پر ہاتھ اٹھایا۔
نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پولیس گردی کا رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
مریم نواز نے ٹیکسلا میں بزرگ خاتون پر تشدد کی مذمت کی اور کہا کہ پنجاب اسمبلی اجلاس کے باعث واقعے کی ابھی اطلاع ملی، جس پر بےحد دکھ ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی پولیس گردی کا رویہ کسی صورت برداشت نہیں، اس حوالے سے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب سے رابطہ کیا ہے۔
مریم نواز نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری طور پر کارروائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ واقعے کے تحقیقات کر کے ذمے داروں کےخلاف کارروائی کی جائے۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے مریم نواز کو یقین دہانی کرائی کہ واقعے کی تحقیقات ہوں گی اور تشدد کرنے والوں کےخلاف کارروائی ہوگی۔