Featuredاسلام آباد

قومی اسمبلی، سپیکر کے انتخاب کیلئے ووٹنگ مکمل، سنی اتحاد کونسل کا احتجاج، شدید نعرے بازی

قومی اسمبلی کے نئے سپیکر کے انتخاب کے لئے ووٹنگ کا مکمل ہوگیا ہے ۔

راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت سپیکر و ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لئے قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے جبکہ اراکین نے خفیہ رائے شماری کے ذریعے سپیکر کے عہدے کے لئے امیدواروں کو ووٹ کاسٹ کر دیا ہے۔

امیدوار

سپیکر کیلئے حکومتی اتحاد کے امیدوار سردار ایاز صادق اور سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عامرڈوگر کے کاغذات منظور ہوئے جبکہ ڈپٹی سپیکر کیلئے حکومتی اتحاد کے امیدوار غلام مصطفیٰ شاہ اور سنی اتحاد کونسل کے جنید اکبر کے کاغذات منظور کئے گئے۔

سپیکر و ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کیلئے اجلاس کا آغاز

راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوگیا جس میں انہوں نے اجلاس کا ایجنڈا پیش کیا ۔

سنی اتحاد کونسل کا احتجاج

اجلاس کے آغاز پر سنی اتحاد کونسل کے اراکین کی جانب سے احتجاج ریکارڈ کروایا گیا اور اس موقع اراکین نے بانی پی ٹی آئی کے حق میں نعرہ بازی بھی کی۔

عمرایوب

اجلاس کے دوران پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ہاؤس میں اجنبی موجود ہیں وہ سپیکر الیکشن میں حصہ نہیں لےسکتے، انہوں نے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا ہے انہیں ایوان سے باہر نکالا جائے۔

عمرایوب کا کہنا تھا کہ ایوان میں گھس بیٹھیے آکر بیٹھ گئے ہیں، یہ ہاؤس مکمل ہی نہیں ہے۔

رانا تنویر

مسلم لیگ نواز کے رکن رانا تنویر نے اجلاس کے دوران اپنے خطاب میں کہا کہ اس الیکشن کے جو حقائق ہیں وہ آپ کے سامنے ہیں، ہم نے بڑے حوصلے سے ان کی بات سنی ہے، ان لوگوں میں حقیقت سننے کا حوصلہ ہی نہیں ہے۔

انہوں نے راجہ پرویز اشرف سے درخواست کی کہ انتخاب کے لئے ووٹنگ کا آغاز کیا جائے۔

عامر ڈوگر

سنی اتحاد کونسل کے نامزد امیدوار عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ تمام تر تحفظات اور خدشات کے باوجود الیکشن لڑ رہے ہیں، ہاوس پورا نہیں ہے اس کے باوجود چاہتے ہیں آئینی اور جمہوری عمل مکمل ہو۔

نواز شریف کی آمد

اجلاس میں شرکت کے لئے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف بھی ایوان میں پہنچے اور انہوں نے میڈیا سے مختصر گفتگو بھی کی۔

صحافی کی جانب سے نواز شریف سے سوال کیا گیا کہ مولانا فضل الرحمان کے تحفظات کا ازالہ کیسے کیا جائے گا جس پر ان کا کہنا تھا کہ ان معاملات پر چلتے چلتے بات نہیں ہوسکتی ، انشاءاللہ ان مسائل پر بیٹھ کر بات کریں گے۔

دو نومنتخب اراکین کا حلف

اجلاس کے دوران دو نومنتخب اراکین اسمبلی نے حلف بھی اٹھایا۔

راجہ پرویز اشرف نے سنی اتحاد کونسل کے شہزادہ گستاسب اور ن لیگی رکن منیبہ اقبال سے حلف لیا۔

واضح رہے کہ جمعرات کے روز ہونے والے اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں 336 ارکین میں سے 302 اراکین نے حلف اٹھایا تھا اور آج مزید دو اراکین کے حلف اٹھانے کے بعد ممبران کی تعداد 304 ہوگئی ہے۔

مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کی مشاورت

سپیکر و ڈپٹی سپیکر کے اجلاس سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس میں مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کی غیر رسمی مشاورت ہوئی جبکہ مشاورتی اجلاس کی صدارت ایم این اے رانا تنویر نے کی۔

اجلاس میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے حوالے سے حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔

پارلیمانی پارٹی کو انتخابی طریقہ کار پر بریفنگ دی گئی اور رانا تنویر نے ہدایت کی کہ تمام امیدوار اجلاس میں حاضری یقینی بنائیں۔

علاوہ ازیں اپوزیشن کے احتجاج کے حوالے سے بھی حکمت عملی طے کر لی گئی۔

عطا اللہ تارڑ

مسلم لیگ ن کے نو منتخب ممبر اسمبلی عطاء اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رات تک مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات چلتے رہے، امید ہے معاملات حل ہوجائیں گے، مولانا فضل الرحمان سے اچھا رشتہ ہے، اتحادی رہے ہیں۔

عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ امید ہے مولانا فضل الرحمان آج ووٹ کاسٹ کریں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close