محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر شہروں میں کل سے بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہونے کی پیش گوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کل شام سے پرسوں تک شمال مغربی اور جنوبی بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری متوقع ہے۔ کوئٹہ، قلات، خضدار، چاغی، پنجگور، واشک، دالبدین، خاران اور گوادر میں بارش ہوسکتی ہے۔
اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بھی بارش اور برفباری متوقع ہے۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق ملک کے زیادہ تر علاقوں میں اگلے 48 گھنٹوں میں معتدل سے شدید بارشوں، بعض مقامات پر آندھی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
اگلے 12 سے 24 گھنٹوں میں ملک کے شمالی علاقوں سمیت خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر، بالائی اور وسطی پنجاب میں معتدل سے شدید بارش، برفباری، بیشتر علاقوں میں پر آندھی اورژالہ باری کا امکان ہے۔
بارشوں کا سلسلہ 5 مارچ سے 7 مارچ تک کے درمیان متوقع ہے، جو بلوچستان کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور پنجاب کے بالائی علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے ۔
خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں سے مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 35 ہوگئی جبکہ 43 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ بارشوں کے باعث 346 گھر جزوی جبکہ 46 گھر کو مکمل تباہ ہوئے۔