کراچی: صدر کےاولڈ پاسپورٹ آفس میں آگ لگنے سے ریکارڈ روم میں رکھا تمام پرانا ریکارڈ جل گیا
صدر پاسپورٹ آفس کے عقب میں اولڈ پاسپورٹ آفس میں آگ لگنے کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کی 5 گاڑیاں اور ایک اسنارکل موقع پر پہنچ گئیں جبکہ مددگار 15 پولیس، 1122 اور چھیپا ریسکیو کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا، ایک گھنٹے مزید کولنگ کا عمل جاری رہا۔
صدر فائر اسٹیشن کے انچارج نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ جس عمارت میں آگ لگی وہ پاسپورٹ آفس کا ریکارڈ روم تھا جہاں پاسپورٹ کا پرانا ریکارڈ رکھا ہوا تھا، آگ لگنے کے باعث ریکارڈ روم میں موجود تمام ریکارڈ اور قریب میں کھڑی ایک پرانی گاڑی بھی جل گئی، آتشزدگی کے باعث خستہ حال عمارت کی ٹین کی چھتیں بھی گر گئیں، آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی، آتشزدگی کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔