حکومت پنجاب نے صوبے کے بڑے شہروں میں آمدورفت کی بہترین سہولتوں کیلئے 657 ماحول دوست بسوں کی فراہمی کا پلان منظور کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت شہریوں کی سہولت کیلئے ٹرانسپورٹ پراجیکٹ اجلاس ہوا ۔ پنجاب میں 20 ہزار الیکٹرک بائیکس اور 657 ماحول دوست اربن بس پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے متعلقہ حکام کو ہر تحصیل میں طالبات کے لئے اسکول بس پراجیکٹ تیار کرنے کا حکم دے دیا۔ کہا کہ عوام کی تکلیف کا ازالہ حکومت کی ذمہ داری ہے۔
دوران اجلاس بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور بہاولپور سمیت دیگر شہروں میں ڈیزل ہائبرڈ ری جنریٹڈ بسیں چلائی جائیں گی جبکہ 9 مئی سے بائیک پراجیکٹ لانچ ہوگا، مئی میں ہی ڈیلیوری شروع ہو جائے گی۔
مریم نواز شریف نے طلبہ کے لئے ایڈوانس کی رقم کم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، حکومت کو بوجھ اٹھانا ہوگا۔