چاہتے ہیں گوادر اور چاہ بہارکو جوڑ کر سسٹر پورٹس بنائی جائیں : ایرانی سفیر
اسلام آباد: ایران نے پاکستانی بارڈرکے قریب تک ایک ارب ڈالر سے ایک ہزارکلومیٹر طویل گیس پائپ لائن بچھائی ہے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں ایرانی سفیر رضا امیری کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب سے خطاب میں رضا امیری نے کہا مزید بارڈرکراسنگ پوائنٹس کھول کر علاقائی تعاون اور تجارت بڑھانا چاہتے ہیں۔ کوشش ہوگی سی پیک اور ریل لنک کے منصوبے میں ایران بھی حصہ داربنے۔
ایرانی سفیر رضا امیری کا کہنا ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن کا مقصد اسٹرٹیجک تعلقات میں اضافہ ہے، چاہتے ہیں گوادر اور چاہ بہارکو جوڑ کر سسٹر پورٹس بنائی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران میں گزشتہ 11 ماہ کے دوران باہمی تجارت کا حجم ڈھائی ارب ڈالر ہوچکا ہے۔ باہمی تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں۔ پاکستان ایران کے راستے وسط ایشیائی اورمغربی ممالک تک ٹرانزٹ روٹ بناسکتا ہے۔ ایران نے پاکستانی بارڈرکے قریب تک ایک ارب ڈالر سے ایک ہزارکلومیٹر طویل گیس پائپ لائن بچھائی ہے۔
ایرانی سفیر نے مزیدکہا کہ ایرانی صدر پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ غزہ میں اسرائیلی جارحیت پر بات کرتے ہوئے رضا امیری نے کہا اسرائیل سے کسی قسم کے تعلقات نہیں رکھنا چاہتے۔