وزیراعظم شہباز شریف کا ماسکو میں دہشت گردی پر اظہار افسوس
ماسکو میں دہشتگردی کے افسوسناک واقعے پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نےاپنےبیان میں کہا ماسکو میں گزشتہ رات ہونے والا حملہ قابل مذمت ہے،حملے میں کئی قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں،جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتا ہوں،پاکستان اس مشکل کی گھڑی میں روس کے ساتھ کھڑا ہے۔
روسی دارالحکومت ماسکو کے کنسرٹ ہال میں فائرنگ کےواقعے میں 40 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوئے، بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی دہشتگردی تنظیم داعش نے کنسرٹ ہال میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعہ کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
آر آئی اے خبر رساں ایجنسی نے جائے وقوعہ پر موجود ایک رپورٹر کے حوالے سے بتایا کہ فائرنگ شروع ہونے کے بعد دستی بم یا آگ لگانے والا بم پھینکا گیا جس سے کنسرٹ ہال میں آگ لگ گئی۔
رپورٹر نے بتایا کہ ہال میں موجود لوگ فائرنگ سے بچنے کے لیے فرش پر لیٹ گئے اور 15 سے 20 منٹ تک لیٹے رہے، جس کے بعد وہ رینگنے لگے اور بہت سے لوگ باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق 100 سے زائد افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔،واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔