محکمۂ موسمیات کی جانب سے پاکستان کے مختلف علاقوں میں شوال 1445ھ کا چاند آج نظر آنے کے قوی امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق نئے چاند کی پیدائش کل رات 11 بج کر 21 منٹ پر ہو چکی، آج چاند کی عمر 19 سے 20 گھنٹے ہوجائے گی۔
غروبِ آفتاب کے بعد چاند نظر آنے کا دورانیہ 50 منٹ سے زائد ہو گا۔
ملک کے جنوبی علاقوں میں آج مطلع صاف رہنے کا امکان ہے جبکہ ملک کے شمالی علاقوں میں مطلع ابر آلود ہو سکتا ہے۔
دوسر ی جانب پاکستان میں عیدالفطر کا چاند دیکھنے کےلیے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس آج شام ہو گا۔
چیئرمین رویتِ ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیرِ صدارت اجلاس اسلام آباد میں ہو گا جس میں رویتِ ہلال کمیٹی کے ممبران، محکمۂ موسمیات، سپارکو، سائنس و ٹیکنالوجی حکام شریک ہوں گے۔
اجلاس وزارتِ مذہبی امور کوہسار کمپلیکس کی عمارت میں ہو گا، جبکہ زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس مقررہ مقامات پر ہوں گے۔
اجلاس میں شوال کا چاند دیکھنے کی شہادتیں وصول کی جائیں گی، چیئرمین مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی شوال کا چاند نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان کریں گے۔