کراچی: اتوار کی صبح بوندا باندی اور ہلکی بارش ہوئی جس کے باہر موسم خوش گوار ہوگیا۔
سندھ، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، بلوچستان اور پنجاب سمیت ملک بھر میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
کراچی میں بارش 15 اپریل کی صبح تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ مغربی ہواؤں کا دوسرا سلسلہ 17 اپریل کو بلوچستان سے کراچی میں داخل ہو گا۔
محکمہ موسیات کے مطابق گلشنِ اقبال، محمد علی سوسائٹی، بہادرآباد، ڈیفنس ویو اور ملحقہ علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ شہر بھر میں مطلع ابر آلود اور موسم خوشگوار ہے۔
کراچی میں آج مغربی سسٹم کے زیر اثر ہلکی بارش ہوسکتی ہے جبکہ کہیں کہیں گرج چمک بھی ہوسکتی ہے تاہم غیرمعمولی بارش کا امکان نہیں ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 سے 30 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے اتوار کو شہر میں درمیانی شدت کی بارش اور آندھی کی پیش گوئی کی تھی جبکہ اس سے قبل محکمہ موسمیات نے ہفتے کو شہر کے مضافاتی علاقوں میں تھنڈر سیلز بننے کے سبب گرج چمک کے ساتھ درمیانی شدت کی بارش اور آندھی چلنے کی پیش گوئی کی تھی تاہم شہر کے کسی مقام میں بارش رپورٹ نہیں ہوئی۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی نے کہا کہ 17 اور 18 اپریل کو ایک دوسرا مغربی سلسلہ کراچی سمیت دیہی سندھ میں بارش کا سبب بن سکتا ہے تاہم اس حوالے سے حتمی پیش گوئی آئندہ 2 سے 3 روز بعد ممکن ہوگی کہ یہ سسٹم کتنی شدت کی بارشیں دے سکتا ہے۔