احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کی درخواستیں منظور کرلیں۔
بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی کے خلاف 190ملین پاؤنڈ اسکینڈل ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصرجاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں کی۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی کے طبی معائنے کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے بشریٰ بی بی کی انڈو اسکوپی دوروز میں نجی اسپتال سے کروانے کا حکم دیدیا۔
عدالت نے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ بشریٰ بی بی کی انڈواسکوپی ڈاکٹرعاصم یونس اورسرکاری ڈاکٹر کے زیرنگرانی کروائی جائے، جج ناصرجاوید رانا نے ریمارکس دیے کہ انسانی بنیادوں پربشریٰ بی بی کے ٹیسٹ نجی اسپتال سے کرانے کا آرڈر کردیتے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ بشریٰ بی بی کو ٹائلٹ کلینر کھانے میں ملا کر دیا گیا ہے، بشریٰ بی بی کی طبیعت بگڑتی جارہی ہے روزانکے معدے میں جلن ہوتی ہے، عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو ہدایت کی کہ سماعت کے دوران پریس کانفرنس سے گریز کیا کریں۔ عدالت کے تقدس کا خیال ضروری ہے آپ سماعت کے بعد صحافیوں سے بات کرلیا کریں۔
جج ناصرجاوید رانا نے عدالت میں نصب اضافی دیواروں کو فوری ختم کرنے کا بھی حکم دے دیا۔ عدالت نے کہا کہ جب تک دیواریں ہٹائی نہیں جاتیں سماعت آگے نہیں بڑھائی جائے گی، جج کی جیل انتظامیہ کو اقدامات کی ہدایت، سماعت 23 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔