Featuredاسلام آباد

ایرانی صدر وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے، گارڈ آف آنر پیش کردیا گیا

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی پاکستان کے تین روزہ دورے پر اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ آج اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایران کے صدر ابراہیم رئیسی وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور پھر پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے ایران کے صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا

وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر سے وفاقی کابینہ کے اراکین کا تعارف کروایا جس کے بعد ایرانی صدر نے وزیراعظم ہاؤس میں یوم ارض کی مناسبت سے پودا بھی لگایا۔

قبل ازیں ایرانی صدر کے ہمراہ اہلیہ اور اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے، وفد میں ایرانی وزیر خارجہ، کابینہ کے دیگر ارکان، اعلیٰ حکام اور تاجر بھی شامل ہیں۔

تین روزہ سرکاری شیڈول کے مطابق تین روزہ سرکاری دورے میں ایرانی صدر وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کریں گے جب کہ سرینا ہوٹل میں پاک ایران وزرائے خارجہ کی ملاقات ہو گی۔
ایرانی صدر کے باضابطہ استقبال کی تقریب وزیراعظم ہاؤس میں ہو گی تاہم شہباز شریف ایرانی صدر کا استقبال کریں گے اور مہمان صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔

ایجنڈے کے مطابق پاک ایران قیادت کی ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے اور پاک ایران گیس پائپ لائن سے متعلق ٹیکنیکل مذاکرات بھی شامل ہونگے اور تین روزہ سرکاری دورے میں مسئلہ فلسطین و غزہ کی صورتحال ،مسئلہ کشمیر،عالم اسلام سے متعلق معاملات بھی زیر بحث آئیں گے۔
،ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے شہباز شریف کی ملاقات و مذاکرات کے بعد مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب ہو گی، ایرانی صدر چیئرمین سینیٹ یوسف رضاگیلانی اوراسپیکر قومی اسمبلی سے بھی ملاقات کریں گے۔

ڈاکٹر ابراہیم رئیسی اور صدر آصف علی زرداری کی ملاقات ایوان صدر میں ہو گی، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز ایرانی صدر اور ان کے وفد کا استقبال کریں گی۔

گورنر و وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے ایرانی صدر کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا جائے گا، ایرانی صدر لاہور میں مزار اقبال پر حاضری دیں گے اور بادشاہی مسجد میں نماز ادا کریں گے۔

خیال رہے کہ 2017 کے بعد کسی ایرانی سربراہ مملکت کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔

 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close