وزیراعظم شہبازشریف نے متعلقہ حکام کو اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے بھرپور کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسمگلنگ کا خاتمہ کیے بغیر معیشت مضبوط نہیں ہوسکتی۔
ایبٹ آباد میں شہید کسٹمزانسپکٹرحسنین ترمذی کے اہل خانہ سے ملاقات کے موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اورعوام کی طرف سے آپ کے پاس حاضر ہواہوں، ہمیں شہید انسپکٹرحسنین ترمذی پر فخر ہے، شہیدکی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ وزیراعظم کسٹمز حکام کیلئے خصوصی پیکیج برائے شہداء کا اعلان بھی کریں گے۔
شہبازشریف نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کےساتھ مل کراسمگلنگ کاقلع قمع ضروری ہے، اسمگلنگ کے خاتمے کیلئے تمام صلاحیتیں بروئے کارلائیں گے، اسمگلرز کا مکمل طور پر خاتمہ یقینی بنائیں گے۔ وزیرداخلہ محسن نقوی اسمگلنگ کےخاتمےکیلئےمتحرک ہیں، اسمگلنگ کیخلاف معاونت پرآرمی چیف کا شکر گزارہوں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اپنے جوانوں کی حفاظت کی ذمہ داری پوری کریں گے، اسمگلنگ کاخاتمہ کرکےعوام کے اربوں ڈالر بچائیں گے، اسمگلنگ کیخلاف کسی بھی کارروائی سے گریز نہیں کریں گے، اسمگلنگ سب کی مشترکہ دشمن ہے، اسمگلنگ کا مکمل طورپرخاتمہ یقینی بنائیں گے۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں کسٹم اہلکار سافٹ ٹارگٹ بن گئے، رواں ہفتے کسٹم اہل کاروں کو دو بار نشانہ بنایا گیا، گزشتہ چند دنوں کے دوران کسٹم اہلکاروں پر 2 حملے کیے گئے، جس میں 8 اہلکار شہید ہوئے۔