صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کی صدارت سے استعفیٰ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خط کے ذریعے مستعفی ہونے سے متعلق آگاہ کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی سربراہی ملنے کا امکان ہے۔
آصف زرداری کی جانب سے پارٹی صدارت سے استعفیٰ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ کچھ حلقوں کی جانب سے ان پر صدر مملکت کے عہدے پر فائز ہونے کے باوجود ایک سیاسی جماعت کی سربراہی کرنے پر تنقید کی جا رہی تھی۔
صدر آصف علی زرداری اس سے قبل 2008 سے 2013 تک بھی ملک کے صدر رہ چکے ہیں، ان کے پچھلے دور صدارت میں 18 ویں آئینی ترمیم منظور کی گئی تھی، جس کے تحت صدر کو حاصل زیادہ تر اختیارات وزیراعظم اور پارلیمان کو منتقل کر دیے گئے تھے۔
واضح رہے کہ 9 مارچ کو حکمران اتحاد کے نامزد امیدوار آصف علی زرداری 411 ووٹ لے کر دوسری بار صدر مملکت منتخب ہوگئے تھے۔