وفاقی حکومت کا پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں نئے گورنرز تعینات کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: حکومت نے پیپلزپارٹی معاہدے کے تحت پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے نئے گورنر تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات ہوئی جس میں پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے نئے گورنرز کی تقرری کے معاملے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے لئے مختلف نام تجویز کئے جن میں سے دو صوبوں میں پیش کیے گئے ناموں کی وزیراعظم نے منظوری دی۔
وفاقی حکومت اور پیپلزپارٹی نے معاہدے کے تحت پنجاب میں سردار سلیم حیدر، فیصل کریم کنڈی کو خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں جعفر مندو خیل کو گورنر تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
فیصل کریم کنڈی کو گورنر خیبرپختونخوا، جعفر مندو خیل کو بلوچستان کا گورنر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ سندھ کی گورنری کا عہدہ ایم کیو ایم کے پاس رہے گا اور کامران ٹیسوری بطور گورنر اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔
فیصل کریم کنڈی پیپلز پارٹی کے دورہ حکومت میں ڈپٹی اسپیکر تھے اور اب پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات کے عہدے پر ذمہ داری انجام دے رہے ہیں۔
جعفر مندوخیل مسلم لیگ کے دیرینہ کارکن ہیں اور متعدد بار ایم پی اے منتخب ہو چکے ہیں۔