قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف نے گندم اسکینڈل پر وزیراعظم شہباز شریف کو آج جاتی امراء طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) نے گندم اسکینڈل کے ذمہ داران کے احتساب کا فیصلہ کرلیا۔ نواز شریف کی آج وزیراعظم سے جاتی امرا میں ملاقات متوقع ہے۔
ملاقات میں شہباز شریف کے لیگی قائد کو رپورٹ پیش کرنے کا امکان ہے۔ جس کے بعد پنجاب حکومت گندم خریداری سے متعلق فیصلہ کرے گی۔ ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک ہوں گی ۔ شہبازشریف وفاق کی صورتحال سے بھی نواز شریف کو آگاہ کریں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز نوازشریف نے گندم کی صورتحال کےحوالے سے اجلاس کی صدارت بھی کی تھی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ن لیگ کے قائد نے کہا کہ ملک میں گندم کا بحران پیدا کرنے والوں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔
جاتی امرا میں ہونے والے اجلاس میں نواز شریف کو بتایا گیا کہ بحری جہاز گندم لے کر چل پڑے اور منظوری بعد میں ہوئی ، 25 دن میں پہنچنے والا جہاز منظوری کے 7 روز بعد ہی بندرگاہ پر پہنچ گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پنجاب میں کسانوں سے گندم خریدنے کے طریقہ کار کو بھی زیر بحث لایا گیا۔