وکلاء، کھلاڑیوں اور فنکاروں کے بعد نیوز اینکرز نے بھی سانحہ 9 مئی میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کردیا۔
سانحہ 9 مئی کو ایک سال مکمل ہونے پر نیوز اینکرز نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قوم کے شہداء اس ملک کے ماتھے کا جھومر ہوتے ہیں، قومیں اپنے شہیدوں کو نہیں بھولتیں کیونکہ ان کی ترقی میں شہداء کا لہو شامل ہوتا ہے۔ شہیدوں نے اپنا سب کچھ ملک کی خاطر قربان کیا ہوتا ہے۔
معروف صحافیوں نے کہا کہ 9 مئی کو کچھ شر پسند عناصر نے نہ جانے کن لوگوں کے مذموم مقاصد کو پورا کرنے کے لیے اپنے ہی شہیدوں کی یادگاروں کو جلایا، ملکی تنصیبات پر حملہ کر کے ہم نے کن لوگوں کو خوش کیا یہ کس قسم کا احتجاج تھا۔ گزشتہ سال 9 مئی کو جس طرح سے شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی وہ قابل مذمت ہے۔
اینکر پرسن نے مزید کہا کہ اس طرح کی شر پسندی میں ملوث تمام لوگوں کو کیفر کردار تک پہنچانا چاہیے، شہداء نے اپنی جانیں اس سرزمین پاکستان پر قربان کی ہیں جو ہم پر ان کا احسان ہے، جو قومیں اپنے محسنوں کو فراموش کر دیتی ہیں وہ تاریخ کے صفات سے مٹ جاتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ احتجاج کی آڑ میں جو ہماری ملکی سالمیت پر حملہ کرے گا وہ کسی صورت بھی قابل معافی نہیں ہے، فوج کے جوان جس حد تک ہمارے لیے قربانیاں دیتے ہیں ان میں ان کا کوئی ذاتی فائدہ نہیں ہوتا۔ 9 مئی کو ایک نام نہاد سیاسی ٹولے کی جانب سے شہداء کے مجسموں کی بے حرمتی کی تھی جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔