لاہور: وکلاء نے ہائیکورٹ کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی تو پولیس نے لاٹھی چارج اور آنسو گیس شیلنگ کرکے انہیں روکنے کی کوشش کی۔
لاہور میں ماڈل ٹاؤن کچہری کے متنازعہ نوٹیفکیشن کیخلاف وکلاء کی جانب سے ریلی نکالی گئی جس پر پولیس نے لاٹھی چارج اور شیلنگ کردی۔
وکلاء کی ریلی ہائیکورٹ کے اندر داخل ہونے کیلئے پہنچی تو پولیس نے وکلاء کو روکنے کی کوشش کی، اس موقع پر پولیس اور وکلاء میں شدید تصادم ہو گیا جس کے نتیجے میں متعدد وکلاء زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق احتجاج کرنے والے ایک وکیل کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جب کہ ایس پی سول لائنز عبدالحنان کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری ہائیکورٹ میں موجود ہے۔
تاہم پولیس نے لاہور ہائیکورٹ کے تمام داخلی و خارجی گیٹ بند کر دئیے۔ پولیس کی جانب سے شیلنگ اور لاٹھی چارج کے بعد ریلی کے شرکاء منتشر ہو گئے۔
بعدازاں وکلا جی پی او چوک پر جمع ہوئے جہاں بھی ان کا پولیس سے تصادم ہوا۔ وکلا نے احتجاج کرتے ہوئے کیسز کی سماعت کا بھی بائیکاٹ کردیا اور عدالتیں خالی کروالیں۔