پنجاب حکومت نے ہتک عزت کا نیا قانون بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ بل پنجاب اسمبلی میں پیش کردیا گیا۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہن اہے کہ بل پنجاب اسمبلی میں پیش کردیا۔ جس فورم پر ٹویٹ یا پوسٹ ہوگی اس پر نوٹس ہوگا۔ ایک ہی پیشی پر فیصلہ کیا جائے گا۔ جس پر الزام ہوگا وہ 21 دن میں مرضی کی تین پیشیاں لے سکتا ہے۔ الزام ثابت ہونے پر 30 لاکھ روپے ہرجانہ ہوگا۔
قانون کا اطلاق پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلائی جانے والی ان جھوٹی اور غیر حقیقی خبروں پر ہوگا جس سے کسی فرد یا ادارے کا تشخص خراب ہو۔
قانون کا اطلاق ان جھوٹی خبروں کے تدارک کیلئے کیا جائے گا جو کسی شخص کی پرائیویسی اور پبلک پوزیشن کو خراب کرنے کیلئے پھیلائی جائیں گی۔ ہتک عزت آرڈیننس 2002 اس قانون کے اطلاق کے بعد سے تبدیل ہو جائے گا، پنجاب حکومت نے ہتک عزت قانون 2024 کا بل صوبائی اسمبلی میں پیش کر دیا۔
ہتک عزت بل 2024 اسمبلی کی متعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا گیا، کمیٹی ہتک عزت بل 2024 پر اپنی سفارشات آئندہ دو روز میں پیش کرے گی۔ کمیٹی کی سفارشات کے بعد بل صوبائی اسمبلی میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا، اسمبلی سے منظوری کے بعد بل کا اطلاق صوبے میں فی الفور کر دیا جائے گا۔