Featuredپنجاب

میری زندگی بھر کی کمائی کو غیرقانونی بنانا مناسب بات نہیں، وزیر داخلہ محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ میری زندگی بھر کی کمائی کو غیرقانونی بنا دیا جائے تو یہ مناسب بات نہیں، اگر میرے پاس جائز پیسہ ہے تو کوئی سرمایہ کاری سے نہیں روک سکتا، خبر ضرور دیں لیکن یہ تاثر نہ دیا جائے کہ جائیداد غیر قانونی ذرائع سے بنائی گئی۔

جمعرات کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف سے اوور بلنگ کی شکایات پر بات ہوئی ہے، اووربلنگ کے ازالے کیلئے کروڑوں روپے ریفنڈ کر دیئے گئے، بجلی چوروں کیخلاف ایف آئی اے و دیگر ادارے کارروائیاں کر رہے ہیں۔

آزاد کشمیر

وزیر داخلہ نے بتایا کہ آزاد کشمیر حکومت کے اکاؤنٹ میں 23 ارب روپے منتقل ہوچکے ہیں، مجھ پر اعتراض تھا کہ میں آزاد کشمیر کیوں نہیں گیا، ہمارے پاس شواہد ہیں کہ معاملے پر بیرون ممالک سے سوشل میڈیا مہم چلائی گئی جس کا ہمسائیہ ملک سے تعلق بن رہاہے ، تاہم اس حوالے سے شواہد اکٹھے کر رہے ہیں، آزاد کشمیر احتجاج میں ابھی اموات نہیں ہوئی تھیں سوشل میڈیا پر بتائی گئیں۔

پاسپورٹ فیس کا معاملہ

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ پاسپورٹ عمرے کیلئے بنائے جاتے ہیں، لوگوں کو 5، 5 ماہ تک پاسپورٹ نہیں ملتے، 6 ماہ پہلے اپلائی کرنے کے بعد بھی لوگ پاسپورٹ کیلئے سفارشیں کرا رہے ہیں، پاسپورٹ کی اتنی فیس ہونی چاہیے کہ محکمہ اپنے خرچے نکال سکے۔

جائیداد سکینڈل پر وضاحت

انہوں نے بتایا کہ دبئی میں میری اہلیہ کی جائیداد 2017 سے تھی جسے بیچ کر دوسری خریدی، انگلینڈ میں بھی میری اہلیہ کی 10 سے 12 سال سے جائیداد ہے، 10 سے 12 سال پہلے کسی سرکاری عہدے پر نہیں تھا، یہاں بھی ٹیکس دیتے ہیں ، باہر بھی پراپرٹی پر ٹیکس دینا پڑتا ہے، ایسا تاثر دیا گیا جیسے جائیداد غلط ذرائع آمدن سے بنائی گئی ، ایسا نہیں ہونا چاہیے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ میری زندگی بھر کی کمائی کو غیر قانونی بنا دیا جائے تو مناسب بات نہیں، جتنے عرصہ کیلئے عہدے پر ہوں میرا کام ڈیلیور کرنا ہے، ہزاروں لوگوں کی بیرون ملک جائیدادیں ہیں ، انکے نام نہیں آئے، ثابت ہوتا ہے پراپرٹی کے نام پر مخصوص لوگوں کو ٹارگٹ کیا گیا، بھارت بزنس مین کو سپورٹ کرتا ہے ، ہم نے بزنس کو گالی بنا دیا ہے، جو ترقی کرتا ہے ہم کہتے ہیں یہ چور ہے۔

علی امین گنڈا پور کے بیان پر ردعمل

وزیراعلیٰ کے پی علی امین کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ سمجھدار آدمی ہیں، سیاسی بات کی ہوگی، کوئی حکومتی عمارت پر قبضے کا سوچے گا تو اسے اسی طرح سے ڈیل کیا جائے گا، میرا نہیں خیال کوئی آئینی رول سے ہٹ کر جائے گا اگر جائے گا تو ہمیں بھی ڈٹ کر چیزیں کرنی آتی ہیں۔

کچہ آپریشن

انہوں نے بتایا کہ کچے کے علاقوں پر سندھ اور پنجاب مل کر بڑے پیمانے پر کام کر رہے ہیں، وفاقی حکومت نے کچے سے متعلق پہلی بار وہ سپورٹ فراہم کی جو پہلے کبھی نہیں دی گئی، کچے میں آپریشن چل رہا ہے، بعض چیزیں ابھی نہیں بتا سکتا، جدید ٹیکنالوجی کی جو چیزیں صوبوں کو درکار ہیں، جلد فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، سندھ کو رینجرز کی خدمات درکار تھیں، وہ فراہم کی گئیں، پنجاب کو بھی وزارت داخلہ سے کوئی تعاون درکار ہو گا تو ضرور فراہم کریں گے۔

 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close