بجلی قیمتوں میں اضافہ کے اثرات بجلی کی کھپت میں کمی
اسلام آباد: بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سامنے آنے لگے، ملک بھر میں صنعتی صارفین نے بجلی کی خریداری کم کر دی
نیپرا میں سماعت کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ ملک بھر میں بجلی کی کھپت میں کمی آئی ہے جس سے کیپسٹی پیمنٹ میں اضافہ ہوا ہے، اس پر مختلف تقسیم کار کمپنیوں کے حکام نے نیپرا کو الگ الگ جواب دیا۔
فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے حکام نے بتایا کہ فیسکو میں صنعتی صارفین کی بجلی کی خریداری میں سب سے زیادہ کمی آئی ہے، فیسکو میں انڈسٹریل اور بلک میں 18، 18 فیصد کمی آئی ہے۔
فیسکو میں زرعی صارفین نے 12 فیصد بجلی کا استعمال کم کیا ہے جبکہ گھریلو صارفین کی بجلی کی خریداری میں بھی کمی آئی ہے۔
آئیسکو چیف نے کہا ہماری انڈسٹری تو ویسے ہی بند ہوئی ہے، آئیسکو میں صنعتی بجلی کی خریداری میں 3 فیصد کمی آئی ہے، پہلے کوئی اگر انڈسٹری تین شفٹس چلاتا تھا اب دو شفٹس چلا رہا ہے۔
لیسکو حکام نے بتایا کہ صنعتی صارفین نے 15 فیصد بجلی کی خریداری کم کی ہے جبکہ پیسکو میں کمرشل صارفین نے 9.1 فیصد اور زراعت صارفین نے 15 فیصد بجلی کی خریداری کم کی ہے۔
کیسکو میں زراعت میں 22 سے 25 فیصد کمی آئی ہے، کیسکو میں اب زراعت کو صرف تین گھنٹے بجلی سپلائی کی جاتی ہے، دوسری جانب سیپکو میں کمرشل صارفین نے بھی 20 فیصد بجلی کم کی ہے۔